عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ڈیڈ باڈی ہے، جس کے تابوت پر کیل لگ چکے۔
چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو میں ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی نہ حکومت اور نہ ہی اپوزیشن کا ساتھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ اے این پی نے راستہ بدلا ہے، پارٹی نے کبھی سودے بازی نہیں کی اور نہ کریں گے۔
اے این پی کے صوبائی صدر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ڈیڈ باڈی ہے اور اس کے تابوت پر کیل بھی لگ چکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپنی تحریک کا آغاز کر چکے ہیں واپسی کا کوئی راستہ نہیں، سیاستدانوں سمیت تمام اداروں کا احتساب کرنا چاہیے۔
ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ قرضوں پر معیشت نہیں چل سکتی، شاہانہ طرز زندگی ترک کرنا ہوگی، ایوان بالا میں نیوٹرل بینچوں پر بیٹھنے کیلئے درخواست دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیازی کا عوام سے لینا دینا نہیں صرف اپنی ذات سے تعلق ہے، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کےلیے ساتھ دینے والوں کے ساتھ چل سکتے ہیں۔
اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں بھی خیبر پختونخوا کو حق سے محروم رکھا گیا، موجودہ کے پی حکومت وفاق سے حق حاصل نہیں کر سکتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اے این پی حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد کا ساتھ نہیں دے گی، آئین اور حقیقی جمہوریت کےلیے اے این پی نے اپوزیشن سے پہلے تحریک شروع کر لی۔