• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بادلوں کی گرج کیساتھ بارش

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا،آئی آئی چندریگر روڈ ، صدر، سولجر بازار، کلفٹن، ایئر پورٹ اور مختلف علاقوں میں بادلوں کی شدید گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔

ملیر ہالٹ کے علاقے رفاعِ عام میں گرچ چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔

دوسری جانب ہلکی بارش کے دوران پھسلن سے حادثات سے بچاؤ کے لیے ٹریفک پولیس متحرک ہو گئی۔

کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موٹر سائیکل سوار گاڑیاں آہستہ چلائیں، سڑکوں پر پھسلن سے حادثات کا خطرہ ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز سے موسم ابر آلود ہونے کے بعد مختلف علاقوں میں ٹھنڈی و تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہو رہی ہے جو کسی بھی وقت تیز بارش میں بھی تبدیل ہو سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں آج بارش کے ساتھ آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

انہوں نے کراچی میں 15 اپریل کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

بلوچستان میں بارش: بجلی و چھت گرنے سے 7 افراد جاں بحق

دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، کوئٹہ تا ہرنائی قومی شاہراہ پر سیلاب کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔

کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک کے مقام پر بارش کے پانی سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی جس کے بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔

کیچ میں دریائے ناہنگ کے مقام پر سیلابی ریلے میں پھنسے 10 افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پشین میں سیلابی ریلے میں پھنسے 15 افراد کو بھی ریسکیو کر لیا گیا۔

بلوچستان میں 2 روز کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات اور مکان کی چھت منہدم ہونے سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہو گئی۔

بارش برسانے والے مغربی ہواؤں کے سلسلے کے بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد ہفتے کو بھی صوبے میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، آواران، بارکھان، دکی، ہرنائی، جھل مگسی، کچھی، کیچ، خضدار، لورالائی، موسیٰ خیل، نوشکی، پنجگور، زیارت اور کان مہتر زئی میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔

اس دوران ژوب میں36، کوئٹہ میں 16، بارکھان میں09، پنجگور میں 05 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمۂ پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق سیلابی صورتِ حال کے باعث کوئٹہ ہرنائی شاہراہ زرد آلو کے مقام پر بند ہو گئی۔

کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک کے مقام پر بارش کے پانی سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی جس کے بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔

محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج اتوار کے روز کوئٹہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، لسبیلہ، قلات، خضدار، بارکھان، مسلم باغ، تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفر آباد، پنجگور، گوادر اور کیچ میں آندھی و تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے۔

اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش وژالہ باری کا بھی امکان ہے، جس کے باعث مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید