لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزراء ملک سے باہرہیں، پاکستا ن کو اللہ ہی چلارہاہے ۔پاکستان اور اسلام دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے ان کے خلاف اتحاد کا عہد کیا جائے۔ وہ گجرات میں نماز عید کے بعد عید ملنے والوں اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ا یک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہا کہ حکمران خود تو ہیڈر میں شوپنگ کر رہے ہیں یہاں غریب پینشنر مارے مارے پھر رہے ہیں چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ اللہ کریم حرمین شریفین کو نشانہ بنانے والے بدبختوں کے عزائم کو ناکام بنائے، ہمیں پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کی توفیق اور ہمت عطا فرمائے، ایک ایسی مملکت جو نہ صرف تمام اسلامی ملکوں بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک نمونہ ثابت ہو۔ انہوں نے پاکستان کیلئے جانیں قربان کرنیوالے پاک فوج، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے افسروں، جوانوں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی ان کا ممنون ہے کیونکہ ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی آج ہم آزادی سے یہ تہوار منا رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، چودھری وجاہت حسین اور خاندان کے دیگر افراد نے نماز عید گجرات میں پارٹی رہنمائوں، عہدیداروں، کارکنوں اور ہر شعبہ حیات کے نمائندوں سمیت ہزاروں افراد کے ہمراہ ادا کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے مسلم لیگی قائدین سے مصافحہ و معانقہ کیا۔ انہوں نے قبرستان بھٹیاں میں چودھری ظہورالٰہی شہید، چودھری منظور الٰہی اور اپنے دیگر مرحومین کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔