• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارباز خان نے ملائیکا اروڑا سے طلاق پر خاموشی توڑ دی

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ، ٹیلنٹ شوز کی جج و رقاصہ ملائیکا اروڑہ اور ارباز خان کے چہیتے بیٹے ارہان خان آج کل اپنی پوڈ کاسٹ ’ڈمب بریانی‘ کے سبب سرخیوں میں ہیں۔

اس پوڈ کاسٹ میں وہ اپنے کچھ دوستوں سمیت مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اُن سے بالکل غیر روایتی انداز میں گفتگو کرتے ہیں۔

اس شو کی تین دن قبل اپلوڈ کی گئی قسط میں ارہان خان نے اپنے والد ارباز خان اور چچا سہیل خان کو مدعو کیا۔

اس ایپی سوڈ میں ارہان خان نے اپنے والد اور چچا سے محبت اور شادی جیسے رشتوں پر کھل کر بات کی۔

ارباز خان کے بیٹے ارہان کے اس شو کے دوران اپنے والد کو  ’سہیل پاپا‘ کے نام سے مخاطب کر رہے تھے۔

ارباز خان نے اپنے بیٹے کی پوڈ کاسٹ میں رشتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی بھی رشتے سے جوش یا ساتھ رہنے کا جذبہ ختم ہو جاتا ہے تو وہ رشتہ ٹوٹ جاتا ہے۔

ارباز خان کا کہنا تھا کہ ’جب آپ خود کو کسی بھی رشتے کا مرکز سمجھنے لگتے ہیں تو وہ رشتہ خراب ہونے لگتا ہے، کسی بھی رشتے کے لیے ایک نہیں بلکہ دو لوگ اہم ستون کا کردار ادا کرتے ہیں۔‘

ارباز خان کا مزید کہنا تھا کہ رشتے میں صرف مفادات کو دیکھنے کے بجائے رشتوں کو اہمیت دینے پر زور دینا چاہیے۔

انہوں نے بیٹے کی پوڈ کاسٹ کے دوران مشورہ دیا کہ جس رشتے میں ایک پارٹنر کی نظر مفادات پر ہو اور دوسرا صرف خلوص رکھتا ہو تو ایسے میں دوسرے شخص کو خود ہی رشتہ ختم کر دینا چاہیے۔

بھارتی میڈیا پر اس پوڈ کاسٹ کے خوب چرچے ہو رہے ہیں جبکہ اس سے متعلق میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس شو میں ارباز خان اپنے اور ملائیکا اروڑا کے رشتے سے متعلق بات کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ارباز خان نے ملائیکا اروڑا سے شادی میں دلچسپی ختم ہو جانے اور خود کے اپنی سابقہ بیوی کے ہاتھوں استعمال ہونے کو رشتہ ٹوٹنے کی وجہ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب سہیل خان نے بھی اس شو کے دوران اپنی زندگی سے جڑے دیگر موضوعات پر کھل کر بات کی۔

سہیل خان نے رشتہ بچانے کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دو افراد میں رابطہ قائم رہنا رشتہ بچا سکتا ہے جبکہ دو افراد میں ایک ساتھ رہتے ہوئے بھی دلچسپی ظاہر نہ کرنا اور بات چیت نہ کرنا رشتے کو توڑ سکتا ہے۔

سہیل خان کا کہنا تھا کہ ’ہر رشتے کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ ہوتی ہے، جب ہم کسی بھی رشتے کے بارے میں پرجوش محسوس کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو یہ آہستہ آہستہ ٹوٹنا شروع ہو جاتا ہے۔‘

واضح رہے کہ سہیل اور ارباز خان دونوں ہی طلاق جیسے تلخ تجربات سے گزر چکے ہیں۔

سہیل خان نے 2022ء میں اپنی بیوی سیما سچدیو کو جبکہ ارباز نے اپنی پہلی بیوی ملائیکا اروڑا کو 2017ء میں طلاق دی تھی۔ 

ارباز خان نے حال ہی میں شوریٰ خان سے دوسری شادی کر لی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید