وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں انہیں مری کے مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملکہ کوہسار مری اور دیگر سیاحتی مقامات پر پلاسٹک پر پابندی کا حکم جاری کردیا گیا۔
مری میں اسٹیٹ آف آرٹ اسپتال بنانے کےلیے محتلف سائٹس کا جائزہ لیا گیا۔ مری کےلیے جہلم دریا سے پانی لانے کےلیے بلک واٹر سپلائی اسکیم منصوبے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ نے ہر ہوٹل اور بلڈنگ میں پارکنگ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی کرکے فوری طور پر گرانے کا حکم دیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں کوٹلی ستیاں کو بھی بہترین سیاحتی مقام بنانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایم پی اے بلال یامین ستی اور چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان شامل تھے۔
مریم اورنگزیب، ایم این اے اسامہ اشفاق سرور نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔