• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، الشفاء اسپتال سے اجتماعی قبر دریافت، صیہونی آباد کاروں کا حملہ، 3 فلسطینی شہید

غزہ / کراچی (نیوز ایجنسیز / نیوز ڈیسک) غزہ کے الشفاء اسپتال کا محاصرہ ختم ہونے کے بعد وہاں سے فلسطینیوں کی اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے ، اسپتال کی اس اجتماعی قبر میں مریض جسم پر موجود پٹیوں کے ساتھ پائے گئے اور کئی کے پیشاب کی نالیاں بھی منسلک ہیں ۔ بیت لاہیا سے بھی ایک اجتماعی قبر ملی ہے ۔ ادھر شمالی غزہ میں صحت کا بحران جنم لے رہا ہے جہاں ماحولیاتی آلودگی کی سطح بلند ترین ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی آباد کاروں نے حملہ کرکے 3فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ غزہ کی وزارت صحت اور سول ڈیفنس فورسز نے غزہ کی پٹی کے شمال میں دو اجتماعی قبریں دریافت کی ہیں۔ پہلی اجتماعی قبر غزہ شہر کے الشفا اسپتال میں دریافت ہوئی اور دوسری بیت لاہیا میں ملی۔ حکام نے کہا کہ کھدائی بند کرنے سے پہلے نو لاشیں ملی تھیں، ابھری ہوئی لاشیں پوری طرح گلی نہیں ہوئی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں حال ہی میں قتل کیا گیا تھا۔ جن لوگوں کو دفن کیا گیا تھا ان میں سے کچھ اسپتال میں مریض تھے اور ان کے جسموں پر طبی پٹیاں اور کیتھیٹر لگے ہوئے تھے۔شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیامیں بھی ایک اور اجتماعی قبر دریافت ہوئی جس میں تقریباً 20؍ مسخ شدہ لاشیں تھیں۔ ادھر مسلح اسرائیلی آباد کاروں نے پیر کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں 3فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔انہوں نے کہا کہ جائے وقوع پر اسرائیلی فوجی موجود تھے جو آباد کاروں کو دیکھ کر خاموش کھڑے تھے۔ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا کہ فوجیوں نے اس کی ایمبولینسوں کو علاقے میں پہنچنے اور زخمیوں کی دیکھ بھال کرنے سے روک دیا۔

دنیا بھر سے سے مزید