کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل سے منسلک پرتگالی پرچم والے جہاز کے عملے کو قونصلر رسائی دے دی گئی ہے اور توقع ہے کہ انہیں رہا کر دیا جائے گا۔ تہران کی جانب سے دمشق میں اپنے قونصل خانے پر مشتبہ اسرائیلی حملے کا جواب دینے کے عزم کے اظہار کے بعد ایران کے پاسداران انقلاب نے 13 اپریل کو آبنائے ہرمز میں 25 افراد کے عملے کے ساتھ کنٹینر بحری جہاز ایم ایس سی ایریز کو قبضے میں لے لیا تھا۔ حماس کے ساتھ اسرائیل کی جنگ کے دوران غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا دعویٰ کرنے والے یمن کے ایران سے منسلک حوثی باغیوں کے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں تجارتی جہاز رانی پر حالیہ حملوں نے عالمی جہاز رانی کو متاثر کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے پرتگالی ہم منصب پاؤلو رینگل کو ٹیلی فون پر بتایا کہ جہاز کے عملے کی رہائی کا انسانی مسئلہ ہمارے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے۔