• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس کا آغاز 19 اپریل سے ہوگا

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پیپلز پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس 19 اپریل سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیر کو ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی) کمال دایو نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں 10 نئی بسز بھی پنک بس سروس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوران اجلاس صوبائی وزیر نے کہا کہ پنک بس سروس کے نئے روٹس کا افتتاح 19 اپریل سے ہوگا جبکہ 20 اپریل سے میرپورخاص کے عوام کے لیے بھی پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 25 اپریل سے کیش لیس آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن اسمارٹ کارڈ سروس بھی شروع کی جائے گی، جس کے ذریعے خودکار کرایہ وصول کیا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں سستی اور آرامدہ بس سروس پیپلز پارٹی کی قیادت اور حکومت سندھ کا وژن ہے، ٹرانسپورٹ کے مضبوط نیٹ ورک سے روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گےاور اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے ہدایات دیں کہ ٹرانسپورٹ کے منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

اجلاس میں مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں ریڈ لائن بی آر ٹی، گرین لائن اور یلو لائن پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ خواتین کے لیے خصوصی بس، پنک بس سروس فی الحال روٹ R1 پر ماڈل کالونی ملیر سے براستہ شاہراہ فیصل ، ٹاور تک چل رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید