وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے کہ شہباز شریف ڈیلیور کرنے والے لیڈر ہیں، معیشت کی بہتری کے اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور کابینہ پالیسی سازی اور معیشت کی بہتری کے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مثبت خبروں کے پیچھے بڑی محنت ہے، پاکستان کی پزیرائی ہوئی ہے، خارجہ پالیسی کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے، پالیسی سازی اور معیشت کی بحالی کے لیے دن رات اقدامات کیے ہیں۔
عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیرِِ اعظم کے دورۂ سعودی عرب کی کامیابی پر کل سعودی وفد پاکستان پہنچا، سعودی وفد نے سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار بہت خوش آئند ہے، آنے والے دنوں میں اعلیٰ وفد آئے گا جس میں دستخط ہوں گے، سعودی پرائیوٹ سیکٹر کا پاکستان کے پرائیوٹ سیکٹر سے تعاون فائدہ مند ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات مزید بڑھیں گے، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، زرِمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اپوزیشن کی جماعتوں کا پہلا جلسہ ناکام رہا، متحدہ اپوزیشن کی کمپنی چلنے والی نہیں ہے، تحریکِ انتشار میں آپس کی پھوٹ ہے، وہ اپنی ہی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا نہیں کر سکے۔
وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ جیل کے باہر کھڑا ہو کر ایک لیڈر ایک بات کرتا ہے، دوسرا کوئی اور بات کرتا ہے، آپ کے جلسے ہم نے دیکھ لیے، آپ اپنے کیسز پر توجہ دیں، آپ عوام کو ریلیف دینے، پاکستانی معیشت کی بحالی کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ اور جاوید لطیف اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں، دونوں سے گزارش ہے کہ پارٹی کے اندر رہ کر اختلاف رائے کریں۔