• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی سرمایہ کاری سے منصوبوں کی تکمیل کی خود نگرانی کروں گا، وزیرِ اعظم


وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی سرمایہ کاری سے منصوبوں کی تکمیل کی خود نگرانی کروں گا، سعودی وفد کا دورہ ملک میں سرمایہ کاری، تجارتی و اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔

 سعودی وفد کے حالیہ دورے اور سعودی سرمایہ کاری سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بے حد مشکور ہیں، ان کی خصوصی توجہ سے سرمایہ کاری و تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی وفد کے دورے کو  مفید بنانے کیلئے وفاقی وزراء، ایس آئی ایف سی کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے عالمی ماہرین کی خدمات لی جائیں، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کسی بھی قسم کی لا پرواہی قبول نہیں، فرسودہ طریقہ کار اور سرخ فیتہ بالکل نہیں چلے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزارتوں کی استعداد بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے،  سرمایہ کاری بورڈ، ایس آئی ایف سی، متعلقہ وزارتیں منصوبوں کی تکمیل کیلئے لائحہ عمل بنائیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے معروف کاروباری شخصیات کے وفد کی پاکستان آمد جلد متوقع ہے، عالمی اقتصادی فورم پر دورہ سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع کو حتمی شکل دی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید