وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں اور دیگر عناصر کو ملکی خزانے کو قطعاً مزید نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت بجلی شعبے سے متعلق اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے بجلی ترسیلی نظام اور ڈسکوز کی بہتری کیلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بجلی ٹرانسمیشن نظام کی بہتری کے بڑے منصوبے معینہ مدت میں مکمل کیے جائیں، ترسیلی نظام اور ڈسکوز کی بہتری کا پلان ترجیحی بنیادوں پر آئندہ ہفتے پیش کیا جائے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری و آؤٹ سورسنگ کے عمل کو تیز کیا جائے، ڈسکوز کے انتظامی امور کی بہتری کیلئے نجی شعبے کے ماہرین کی معاونت لی جائے، بجلی کے ترسیلی و تقسیم کے نظام کیلئے عالمی سطح پر رائج ماڈلز سے مدد لی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی شعبے کی اصلاحات سے گردشی قرضے میں کمی لے کر آئیں گے، بجلی چوروں اور دیگر عناصر کو ملکی خزانے کو قطعاً مزید نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔