وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے دورے کے حتمی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی صورتِ حال کے تناظر میں ایرانی صدر کا دورہ انتہائی اہم ہے، ایرانی صدر کا دورہ دو طرفہ تعلقات بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور دیگر چیلنجز کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔