• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کو عوام نے نجکاری کا مینڈیٹ نہیں دیا، رضا ربانی

سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ ن لیگ کو اہل پاکستان نے نجکاری کا مینڈیٹ نہیں دیا ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ وزیر خزانہ اور وفاقی حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور دیگر ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کےلیے بے تاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے سوا کسی اور کی جانب سے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی منظوری غیر آئینی ہے۔

پی پی کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو پاکستانی عوام نے نجکاری کا مینڈیٹ نہیں دیا، حکمران جماعت کے پاس پارلیمان میں سادہ اکثریت بھی نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور ایئرپورٹس ایمرجنسی میں دفاعی مقاصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں، قومی اثاثے کو غیر ملکی ہاتھوں میں دینا قومی مفاد پر سمجھوتا ہوگا۔

رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ نجکاری کے حوالے سے معلومات صرف آئی ایم ایف اور حکمران اشرافیہ کو معلوم ہے، پوچھتا ہوں پی آئی اے کی اہم پراپرٹیز کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا؟

انہوں نےاستفسار کیا کہ بیرون ملک پی آئی اے کے ہوٹل اور پراپرٹی کے ساتھ کیا کیا جائے گا؟ پی آئی اے کے ریٹائرڈملازمین کی پنشن کا کیا بنے گا؟

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین اور کاک پٹ عملے کے ساتھ کیا رویہ برتا جائے گا؟

قومی خبریں سے مزید