وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور متعلقہ افسران کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی خزانے کے سیکڑوں ارب قانونی تنازعات کا شکار ہیں، اس بارے میں لاپرواہی اور کوتاہی قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے عہد کے تحت ٹیکس نظام میں اصلاحات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی ایک ایک پائی بچانے اور محصولات بڑھانے کےلیے دن رات محنت کرنا ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹیکس ٹربیونلز میں اس وقت حکومت کے سیکڑوں ارب روپے کے کیس زیر سماعت ہیں۔
شہباز شریف نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ان کیسز کے جلد نمٹانے کی درخواست بھی کی تھی۔