چین کے دفترِ امورِ تائیوان کی ترجمان زہو فینگلیان (Zhu Fenglian) نے کہا ہے کہ امریکی بل تائیوان کے علیحدگی پسندوں کے لیے غلط سگنل ہے۔
ترجمان چینی دفترِ امورِ تائیوان نے امریکی امدادی بل کی منظوری پر ردِ عمل کے طور پر بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ امدادی بل کی منظوری کی مکمل مخالفت کرتے ہیں۔
چین کی حکومت کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکا تائیوان کی آزادی کی حمایت نہ کرنے کے وعدے کی پاسداری کرے۔
چینی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا تائیوان کو مسلح ہونے سے روکنے کے وعدے پورے کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
امریکا میں سینیٹ کی جانب سے امدادی بل کی منظوری پر تائیوان کی حکومت نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تائیوان کے صدر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی امدادی بل کی سینیٹ میں منظوری پر خوش ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی سینیٹ میں اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کے لیے 95 ارب ڈالرز مالیت کا امدادی بل منظور کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ بل میں منظور ہونے والے 8 ارب ڈالرز بطور امداد تائیوان کو دیے جائیں گے۔