وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملیریا ہر سال 10 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو متاثر کرتا ہے۔
ملیریا کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ملیریا کا عالمی دن منانے میں پاکستان باقی دنیا کے ساتھ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز، پالیسی سازوں، ڈونرز، ہیلتھ کیئر سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملیریا کے خلاف جنگ میں شامل ہونا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان ملیریا کے روک تھام اور خاتمے کے لیے مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے، ہر ایک فرد کو ملیریا کی معیاری جانچ اور علاج کی مفت سہولتوں تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم نجی شعبے اور اپنے عالمی شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہیں، بھرپور سیاسی عزم، حکمت عملی اور مناسب سرمایہ کاری کی بدولت ہم ملیریا سے پاک دنیا کے اپنے مشترکہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔