• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماں کے انتقال کے بعد دنیا بالکل بدل جاتی ہے: ابرار الحق

گلوکار ابرار الحق ـــ فائل فوٹو
گلوکار ابرار الحق ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار ابرار الحق اپنی مرحوم والدہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔

ابرار الحق نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے اپنی والدہ کے انتقال کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میری دو زندگیاں ہیں، پہلی  وہ ہے جو میں نے اپنی والدہ کے ساتھ گزاری اور دوسری وہ ہے جو میں اب اپنی والدہ کے بغیر گزار رہا ہوں۔

گلوکار نے کہا کہ ماں کے جانے کے بعد میری زندگی بہت بدل گئی ہے، سب کچھ مختلف نظر آتا ہے، وہ خوشیاں نہیں رہیں جو ماں کے ساتھ کی وجہ سے زندگی میں تھیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں ان سب لوگوں سے جن کے والدین ابھی زندہ ہیں، یہ کہنا چاہوں گا کہ اپنے والدین کا بہت خیال رکھیں۔

ابرار الحق نے بتایا کہ میں والدہ کے انتقال کے وقت ان کے کمرے میں ان کے بستر کے پاس بیٹھا تھا اور چند منٹ تک میں یہ حقیقت قبول نہیں کر سکا اور نہ ہی اپنے گھر والوں کو یہ حقیقت بتا سکا۔

اُنہوں نے بتایا کہ والدہ کے انتقال کے بعد میں ان کے پاس بیٹھے درود شریف پڑھنے لگا اور پھر بہت مشکل سے ہمت کرکے میں ان کے کمرے سے باہر آیا اور گھر والوں کو ان کے انتقال کے بارے میں بتایا تو اُنہیں بھی اس حقیقت پر یقین نہیں ہو رہا تھا۔

گلوکار نے اپنی بہنوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میری بہنوں نے والدہ کے انتقال پر بہت ہمت کا مظاہرہ کیا اور میری ایک بہن نے اس وقت ہاتھ اُٹھا کر کہا کہ یااللّٰہ، آپ نے ہم سے ہماری سب سے پیاری چیز لے لی ہے اور ہم نے آپ کے اس فیصلے کو قبول کرلیا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایک بیٹی کا ماں کے انتقال کے صرف 10 منٹ بعد ایسا کہنا بہت ہمت کا کام ہے کیونکہ ماں کے انتقال پر اولاد کا اس طرح صبر کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید