• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج پانچواں ٹی 20، کیویز کیخلاف تجربات کی غلطی گلے پڑگئی، سیریز گنوانے کا خطرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کا آخری میچ ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پچھلے دو سالوں میں ہوم گراؤنڈ پر پاکستانی ٹیم سیریز میں جیت کا جشن منانے کو ترس رہی ہے۔نیوزی لینڈ کو آسان سمجھ کر تجربات کی غلطی پاکستان ٹیم کے گلے پڑگئی، 2-1 سے خسارے میں جانے کے بعد اسے سیریز ہارنے کا خطرہ ہے۔ البتہ ہفتے کو فتح کی صورت میں پاکستانی ٹیم سیریز برابر کر سکتی ہے۔ جمعے کو لاہور میں بارش کے بعد موسم خوش گوار نظر آرہا ہے، آخری میچ کیلئے میزبان ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔ زمان خان کو ڈراپ اورشاہین آفریدی کو واپس لایا جاسکتا ہے۔ اسامہ میر کو گزشتہ میچ میں مہنگے ہونے کے باوجود ورلڈ کپ اسکواڈ کے انتخاب سے قبل اپنی اہلیت ثابت کرنے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔ کپتان بابراعظم نے نیوزی لینڈ سے مسلسل دوسرے میچ میں شکست کا ذمہ دار بیٹرز کو قرار دیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بیٹنگ میں اچھا پرفارم نہیں کر پارہے ہیں، چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ کو محدود کرنے میں کامیاب رہے تھے اور مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر ہدف حاصل نہ کر سکے۔ مڈل اوورز میں زیادہ رنز نہیں بنا سکے،179رنز کا ہدف حاصل کرنا چاہیے تھا۔ ٹیم میں تبدیلیوں اور نوجوانوں کو موقع دینے پر ان کا کہنا تھا کہ نوجوان بولرز نے زبردست بولنگ کی البتہ انجریز کی وجہ سے ٹیم میں تبدیلیاں کرنا پڑیں، کوشش یہی ہے تمام کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔ محمد رضوان کی کمی محسوس ہو رہی ہے، انہیں بڑی انجری نہیں، یقین ہے کہ وہ آئرلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ دو سال میں چار ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے،2022میں انگلش ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور7میچوں پر مشتمل سیریز4-3سے اپنے نام کی۔ اسی سال کینگروز سے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ سال نیوزی لینڈ کی ٹیم اسٹار کھلاڑیوں کے بغیر آئی، اور پانچ میچوں کی سیریز دو، دو سے برابر کر دی۔

اسپورٹس سے مزید