کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیر اہتمام سنٹرل ایشین والی بال لیگ 11 مئی سے شروع ہوگی۔ جس میں چھ ممالک کی ٹیمیں ایکشن میں ہونگیں، بھارت نے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد ،ترکمانستان کی ٹیم کوشامل کیا گیا ہے۔شریک ٹیموں میں پاکستان، ایران،ترکمانستان، سری لنکا، افغانستان اور کرغزستان شامل ہیں۔ہفتے کو اسلام آباد میں پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سنٹرل ایشین والی بال لیگ 11 سے 17 مئی تک لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں کھیلی جائے گی ،قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں جاری ہے جس میں کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں جنہیں غیرملکی ارجنٹائن کوچ روبن تربیت دے رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ پاکستانی کوچز سعید احمد، احسان اقبال اور محمداسماعیل تربیت دے رہے ہیں۔تربیت کیمپ میں 22 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں،لیگ کاافتتاحی میچ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان 11 مئی کو ہوگا، پاکستان 12 کو افغانستان، 13 کو کرغزستان، 15 کو سری لنکا، 16مئی کو ایران سے میچ کھیلےگا، سینٹرل ایشین والی بال لیگ کا فا ئنل 17مئیکو کھیلا جا ئے گا۔