کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ کی چھ فرنچائزز نے ہفتے کواپنے جنرل کونسل اجلاس میں پاکستان سپر لیگ 2024 کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پاکستان سپر لیگ 2025 کی منصوبہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے لیے فرنچائزز کے کردار کی تعریف کی جن کی حمایت، دلچسپی اور جذبے نے اس لیگ کی ساکھ کو اجاگر کرنے اور اسے ایک چیلنجنگ مسابقتی اور دلچسپ ایونٹ کے طور پر اپنی پہچان کرانے کے ضمن میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فرنچائز مالکان نے 17 فروری سے 18 مارچ 2024 تک منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر پی سی بی کو مبارکباد دی۔اگلے سال پی ایس ایل کو مزید ُپرجوش اور مسابقتی بنانے کے ساتھ ساتھ مداحوں کی تعداد کو شامل کرنے، اور انہیں بڑھانے کے مقصد سے ایونٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں کچھ تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے "ہمیشہ کی طرح پاکستان سپر لیگ 2025 کے لیے ونڈو پر فرنچائز مالکان کے ساتھ ہماری مفیدگفتگو ہوئی ہے۔ ُپرجوش فرنچائز مالکان نے پی سی بی کی تجویز کردہ ونڈو اور پلے آف کے مقامات کے بارے میں اپنی تجاویز اور آراء دیں۔ اس میٹنگ میں ہونے والے تبادلہ خیال کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل کی موزوں ترین ونڈو کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ مزید ڈیٹا فرنچائز مالکان کے ساتھ شیئر کرے گا۔