مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے خیبر پختونخوا سے اسلام آباد پر چڑھائی کی صورت میں گورنر راج کا اشارہ دے دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فی الوقت حکومتی جماعتوں میں گورنر راج کی کوئی سوچ نہیں ہے لیکن اسلام آباد پر چڑھائی ہوئی تو پھر حالات خراب ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اپنا یہ غیر ذمے دارانہ بیان واپس لینا چاہیے، جمہوری سیاست میں جلاؤ گھیراؤ نہیں چلتا۔
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ گنڈاپور کو وفاق سے اور وفاق کو ان سے تعاون کرنا چاہیے، حکومت بھی کرے اور اسلام آباد پرچڑھائی بھی کرے، ایسے کام نہیں چلے گا۔
سعدرفیق کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بارے میں اکثریت چاہتی ہے وہ جماعت کی ذمے داری سنبھالیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اسلام آباد آئیں گے اپنی مرضی سے، مگر پھر ان کی واپسی وفاقی حکومت کی مرضی سے ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا اسلام آباد پر چڑھائی کا بیان انتہائی غیر ذمے دارانہ ہے ، ماضی میں وہ ایک شہد کی بوتل پر ہائی وے پر دوڑ رہے تھے، لگتا ہے اس بار موٹر وے پر دوڑیں گے۔