وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چلڈرن اسپتال لاہور میں کڈز ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کردیا۔
مریم نواز نے اس موقع پر چلڈرن اسپتال میں نیا آئی سی یو بنانے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی اس کے فنڈ کے اجراء اور جلد تکمیل کی ہدایت دی۔
اُنہوں نے چلڈرن اسپتال لاہور کی ایک برانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بنانے اور کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزراء کو روزانہ اسپتال کا وزٹ کرنے کی ہدایت بھی دی۔
اُنہوں نے اسلامک (ایڈ) یو کے اور چائلڈ ہیلتھ یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
اس ایم او یو پر صوبائی وزیر سلمان رفیق، وی سی مسعود صادق اور چیئرمین اسلامک ایڈ محمودالحسن نے دستخط کیے جس کے تحت کالج بلاک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی گئی کہ نئے کالج بلاک میں اسٹوڈنٹس کو چلڈرن ہیلتھ سے متعلق تعلیم، ریسرچ کی سہولت دی جائے گی۔
اُنہوں نے ڈے کیئر سینٹر کے دورے پر وہاں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا، بچوں کو پیار کیا، اُنہیں پھول دیے اور ڈے کیئر اسٹاف کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
مریم نواز نے اینڈوکرنالوجی وارڈ اور نومولود بچوں کے وارڈ کا بھی دورہ کیا۔
اُنہوں نے مریض بچوں کے والدین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت دی۔
اُنہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت پُرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دور دراز علاقے کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کی جائے، ایک ایک پیسہ قوم کی امانت ہے، ہم اسے صحت کی سہولتوں پر خرچ کریں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کے لیے بہترین اسپتال بنانا چاہتی ہے۔