• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں دور میں ایک شخص نے یوکرین سے گندم منگوا کر 85 ارب روپے کمائے، عون عباس


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر عون عباس نے دعویٰ کیا ہے کہ نگراں حکومت میں ایک شخص نے یوکرین سے گندم درآمد کرکے 85 ارب روپے کا منافع کمایا۔

 جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گندم خریداری کے معاملے اور کسانوں کے احتجاج پر بات کرتے ہوئے عون عباس نے کہا کہ پنجاب میں مال روڈ پر کسانوں کے ساتھ کیا کچھ ہوا ہے۔

پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری بولے جس طرح کسان مظلوم ہے اسی طرح پنجاب حکومت بھی مظلوم ہے، جبکہ آزاد حیثیت میں منتخب سینیٹر فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ جو بھی گندم درآمد اسکینڈل میں ملوث ہے، اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

سینیٹر عباس نے مذاکرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہورہے ہیں نہ ہم مذاکرات چاہتے ہیں، اگر ہمیں بات کرنی ہوئی تو ہم ان سے کریں گے جن کے پاس اتھارٹی ہوگی، جن کے پاس اپنا کوئی وزیر داخلہ نہیں ان سے کوئی کیا مذاکرات کرے گا؟

 عون عباس نے کہا کہ ہمیں کیوں مذاکرات کرنے ہیں؟ ہمیں کوئی مذاکرات کی ضرورت نہیں، اسمبلی میں اعظم نذیر تارڑ اور عطا تارڑ کے علاوہ کوئی نہیں آتا، ڈپٹی وزیر اعظم کی کوئی آئینی پاور نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کو انہوں نے این آر او سمجھ لیا ہے، اصل میں یہ این آر او چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں مذاکرات مہنگائی پر ہوں، دہشت گردی کے خاتمے پر ہوں۔

 طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے مولانا کا 9 مئی کا احتجاج شہداء سے یکجہتی کیلئے ہو جائے، ملین مارچ ہو یا بلین مارچ ہو، ہونا کچھ نہیں، جیسے ہی ملک میں اچھائی کا ماحول بنتا ہے، اس طرح کی چیزیں سامنے آجاتی ہیں، فضل الرحمان کا ہم سے کوئی گلہ شکوہ نہیں۔

سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے، اسحاق ڈار بہترین پولیٹیکل منیجر ہیں، اسحاق ڈار سینیر سیاست دان ہیں، ان کو ہماری کابینہ سے بھی مسئلہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید