کراچی میں پولیس اہلکار شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ سے باز نہ آسکے، اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے اہلکاروں نے شہری کو اغوا کرکے رقم کا تقاضہ کیا۔ اہل خانہ نے اعلیٰ پولیس حکام سے رابطہ کیا تو شہری کو بازیاب کرکے 3 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی کے علاقے پریڈی سے 28 اپریل کی رات رفیع اللّٰہ نامی شہری کو پولیس موبائل میں کچھ اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے اور اس کے اہل خانہ سے رقم کا تقاضہ کیا جس پر اعلیٰ پولیس حکام کو فوری طور پر آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا نے جیو نیوز کو بتایا کہ نبی بخش تھانے کی پہلی منزل پر ساؤتھ زون کی پولیس نے چھاپہ مار کر مغوی رفیع اللّٰہ کو بازیاب کروالیا جبکہ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے 3 اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ملزمان نے ابتدائی طور پر بتایا ہے کہ ان کے ساتھ مزید 2 اہلکار اور ایک پرائیویٹ شہری بھی شامل تھا جن کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
اس سلسلے میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے جیو نیوز کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق رفیع اللّٰہ سے منشیات برآمد ہوئی تھی تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہے جس میں اصل صورتحال واضح ہوجائے گی۔
دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اہلکاروں کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں ہے اور ان کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے ۔ پولیس کا کام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے۔