نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک خود کو چوہدری سمجھتا تھا، اللّٰہ نے اس کا غرور خاک میں ملا دیا، چار دن کی جنگ میں دشمن کو شکستِ فاش دی۔
اسلام آباد میں بری امام کے عرس کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل گیا ہے، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت 47 ویں نمبر سے اب 40 ویں نمبر پر آ گئی ہے، اب پاکستان کو ٹاپ 20 معاشی ملکوں میں شامل کرنا ہے، زیرِ زمین موجود ذخائر کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 2 سال قبل پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار تھا، آج ایسا نہیں ہے، پاکستان نے ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کی ہے۔
نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ بطور مسلمان ایران کی حمایت کرنا ہمارا فرض ہے، ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان نے اپنا فرض نبھایا ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی کوشش تھی کہ ایران کی جتنی مدد ہو سکے کریں۔