صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر مزدوروں کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ محنت کش طبقے کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے استحصال کے خاتمے کے لیے پالیسیوں کے عمل درآمد میں ریاست کا اہم کردار ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ امید ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے لیے کردار ادا کریں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش پاکستان کی ترقی کے لیے خون پسینہ بہاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، مزدوروں کے حقوق سے متعلق جلد قومی لیبر کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لیے مستقل مزاجی سے محنت کرنا ہوگی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔