پاکستانی خوبرو اور معروف اداکار عمران عباس کا کہنا ہے کہ خوبصورتی اللّٰہ کی دین ہے لیکن خوشی اس وقت ہو گی جب لوگ ایک اچھے انسان کی حیثیت سے یاد کریں گے اور یہ بالکل غلط ہے کہ اداکارائیں میری خوبصورتی سے جلتی ہیں۔
حال ہی میں اداکار نے نجی چینل کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر سمیت اپنی خوبصورتی اور دیگر معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو میزبان نے کہا کہ سنا ہے کہ اداکارائیں آپ کے ساتھ کام کرنے سے کتراتی ہیں کیونکہ آپ ان سے زیادہ خوبصورت ہیں اور بیشتر اداکارائیں تو آپ کی خوبصورتی سے حسد بھی کرتی ہیں؟
عمران عباس نے میزبان کی بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے ہماری ساری اداکارائیں بہت خوبصورت ہیں۔
اداکار کی بات کاٹتے ہوئے میزبان نے مزید کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ 2018ء سے 2021ء تک مسلسل 4 سال تک عمران عباس کا نام دنیا کے خوبصورت ترین مردوں کی ایک فہرست شامل ہوتا رہا ہے۔
اس پر اداکار نے اللّٰہ کا شکر ادا کیا کہ انہیں خوبصورت مردوں کی فہرست میں پاکستان سے مسلسل 4 سال تک منتخب کیا جاتا رہا اور اب بھی کیا جاتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی اداکار نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ مجھے زیادہ خوشی اس وقت ہو گی جب لوگ خوبصورتی کی بجائے ایک اچھا انسان ہونے کی حیثیت سے یاد رکھیں اور عزت دیں۔