• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت، رہا کرنے کا حکم

فوٹو فائل
فوٹو فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں درخواست ضمانت  منظور کرلی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا،  عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے محفوظ فیصلہ سنایا، جو گزشتہ روز محفوظ کیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے مختصر زبانی فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

سائفر اور عدت میں نکاح کے کیسز اب بھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں رکاوٹ ہیں، آج بانی پی ٹی آئی کو 25 مئی 2022 کی ہنگامہ آرائی کے 2 کیسز میں بری کیا گیا ہے۔

 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت منظوری کا تحریری فیصلہ


بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت منظوری کا تحریری فیصلہ چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب نے اعتراف کیا تحقیقات مکمل ہیں، ملزم کو مزید قید رکھنے سے فائدہ نہیں ہوگا، نیب پراسیکیوٹر کے مطابق بانی پی ٹی آئی ریکارڈ ٹیمپرنگ یا ٹرائل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں، نیب کے ان تحفظات سے متعلق ریکارڈ پر کوئی جواز موجود نہیں ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست منظور کی جاتی ہے، بانی پی ٹی آئی 10 لاکھ روپے کے مچلکے ٹرائل کورٹ میں جمع کروائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریفرنس سے متعلق عدالتی آبزرویشنز عبوری نوعیت کی ہیں، ٹرائل پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔

قومی خبریں سے مزید