مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے گندم اسکینڈل پر پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کو بلالیا۔
پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ن لیگ کے قائد کو اس معاملے پر رپورٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔
آج ماڈل ٹاؤن لاہور میں نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف نے کہا کہ ملک میں گندم کا بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
اجلاس میں نواز شریف کو بتایا گیا کہ بحری جہاز گندم لے کر پہلے چلے اور منظوری بعد میں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 25 دن میں پہنچنے والا جہاز منظوری کے سات روز بعد ہی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ آنے پر پنجاب میں گندم خریدنے کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران پنجاب میں کسانوں سے گندم خریدنے کے طریقہ کار زیر بحث لایا گیا اور طے پایا کہ کسانوں کو 500 ارب کے کسان کارڈ دیے جائیں گے۔