کراچی (اسٹاف رپورٹر) جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے دورہ جرمنی کے حوالے سے تاحال صورت حال غیر یقینی ہے۔ پی ایچ ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے بعد پیر کو جرمن سفارت خانے سے ایک بار پھر ویزے کے حصول کے لئے رابطہ کیا جائے گا۔ ویزا نہ ملنے کی صورت میں ٹیم 21جولائی سے ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہوسکے گی۔ دورہ یورپ کا دوسرا مرحلہ اگست میں شروع ہوگا جس کے لئے پی ایچ ایف نے ویزے کے لئے درخواست جمع کرادی ہے، جونیئر ورلڈ کپ اور دورہ یورپ کے دوسرے مرحلے کے لئے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ پیر سےلاہور میں شروع ہو رہا ہے۔