• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد(ایجنسیاں)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔

امریکی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں انسانی حقوق ‘معیشت اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر بات چیت ہوئی ۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگومیں عمرایوب کا کہناتھاکہ امریکی سفیر سے براہ راست بات کی کہ کسی ملک کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے‘امریکی سفیر سے آئین کی بالادستی ‘ملٹری کورٹس اورپارٹی رہنماؤں کے کیسز پر گفتگو ہوئی ‘جب امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اوردیگر سوالات کئے گئے تو انہوں نے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے گریز کیااور مسلسل مسکراتے ہوئے پارلیمنٹ سے روانہ ہوگئے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیر سے بنیادی انسانی حقوق کی کیفیت ‘عوام کے ووٹ کے حق کے خلاف ریاستی یلغار، بنیادی سیاسی آزادیوں پر عائد اعلانیہ اور غیراعلانیہ قدغنوں ‘ اظہار و ابلاغ کی آزادیوں کے خلاف غیرقانونی انتظامی اقدامات‘عمران خان، ان کی اہلیہ، تحریک انصاف کے مرد و خواتین قائدین کارکنان سمیت سیکڑوں سیاسی قیدیوں کے خلاف ماورائے دستور و قانون سیاسی انتقام کے رواں سلسلے پر بھی بات چیت کی گئی ۔

 قائد حزب اختلاف نے کہاکہ پاکستان نہایت سنگین نوعیت کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کی زد میں ہے۔آئین سے سنگین انحراف اور قانون کی حکمرانی کی بدترین صورتحال سب سے بڑھ کر معیشت کی تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید