پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ انقلاب ملک اور اداروں کے خلاف نہیں بلکہ نظام کے خلاف آتا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ کچھ عناصر نے سوشل میڈیا کا سہارا لےکر خوف و ہراس اور افراتفری کی سیاست کو فروغ دیا۔
انہوں نے کہا کہ خوف و ہراس اور افراتفری ہمیشہ وہ پھیلاتا ہے جو کمزور ہو، ہم مزید افراتفری اور عدم استحکام کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ آئین سپریم ہے اور جو بھی غیر آئینی اقدام کا ارتکاب کرے اسے سزا ملنی چاہیے، موجودہ ملکی نظام تبدیلی والے نظام سے بہت بہتر اور پائیدار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں وسائل سے محروم طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کیا جائے گا۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ کئی برسوں بعد ملک دوبارہ سیاسی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے، سیاسی اور معاشی استحکام کی راہ میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کے نقصان کا ازالہ ہماری اولین ترجیحات میں ہونا چاہیے، کسان کو خوشحال بنائے بغیر ملک کو خوشحال نہیں بنایا جا سکتا۔