• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیلوں میں گنجائش سے 30 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں، ایچ آر سی پی

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے 2023 میں انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔

اسلام آباد سے جاری رپورٹ کے مطابق جولائی 2023 میں قومی اسمبلی کے ایک اجلاس کے دوران 28 بل منظور کیے گئے، بلز کی منظوری کے دوران پارلیمانی طریقہ کار کو نظرانداز کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق توہین پارلیمنٹ، سلامتی سے متعلق اور حساس معلومات کے افشاء کو جرم قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق انصاف کی فراہمی میں پاکستان کا نمبر 142 میں سے 125 نمبر پر ہے۔ عدالتوں میں 22 لاکھ 60 ہزار سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں۔ ٹرانسجینڈر پرسنز ایکٹ 2018 کو غیر اسلامی قرار دینے پر تحفظات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عدالتوں میں زیرالتوا مقدمات میں اوسط 18 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد مشتعل ہجوم نے املاک کو نقصان پہنچایا، پارٹی کارکنوں اور حامیوں کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن سے غیر مصدقہ ہلاکتیں ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق 2023 میں 789 دہشتگرد حملے ہوئے اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں ہوئیں۔ کارروائیوں میں 1524 افراد جاں بحق، 1463 زخمی ہوئے۔ 

رپورٹ کے مطابق 2023 میں گزشتہ سال کی نسبت تشدد میں 56 فیصد اضافہ ہوا۔ 2023 میں عسکریت پسند حملوں میں 69 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق 2023 میں پولیس مقابلوں میں 618 افراد مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس حراست میں 33 افراد جاں بحق ہوئے۔ 

ایچ آر سی پی رپورٹ کے مطابق کراچی میں 2023 میں اسٹریٹ کرائمز میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔ 2023 میں کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے 90 ہزار واقعات رپورٹ ہوئے۔ ڈکیتی کی مزاحمت کے دوران 134 شہری مارے گئے۔ 

ایچ آر سی پی رپورٹ کے مطابق جیلوں میں 30 ہزار سے زائد قیدی گنجائش سے زیادہ رکھے گئے۔ جبری گمشدگیوں کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن کے اعداد و شمار درست نہیں۔ 

ایچ آر سی پی رپورٹ میں کہا گیا کہ جبری گمشدگی کے کیسز کی تعداد کم دکھانے پر کمیشن کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ 

ایچ آر سی پی رپورٹ کے مطابق 2023 میں مذہب کی جبری تبدیلی کے 136 واقعات رپورٹ ہوئے، 2023 میں 226 خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 700 خواتین کو اغوا کیا گیا، 631 کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ 2023 میں 277 خواتین کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کی گئی۔

ایچ آر سی پی رپورٹ کے مطابق خواجہ سراؤں پر جرائم کے 9 واقعات اور جنسی تشدد کے 11 واقعات ریکارڈ ہوئے جبکہ 2023 میں بچوں سے بدسلوکی کے 4213 واقعات ریکارڈ ہوئے۔

قومی خبریں سے مزید