وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پُرامید ہیں کہ عدلیہ اپنا کندھا کسی کو استعمال کرنے نہیں دے گی۔
شکرگڑھ کے علاقے نور کوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک بار پھر سیاسی مقاصد کےلیے عدالتی کندھا استعمال کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ اور سیاستدان ملکی ترقی کے ایجنڈے میں رکاوٹ کی اجازت نہ دیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قوم کو سیاسی لانگ مارچ کی جگہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، اگلے 5 سال امن، اصلاحاتی ایجنڈے اور پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں کھیلا گیا کھیل سانحہ مشرقی پاکستان سے کم نہ تھا، سانحہ مشرقی پاکستان میں ملکی جغرافیہ توڑا، سانحہ 2018 نے معاشی مستقبل تباہ کیا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ قوم سانحہ 2018ء کی سازش کے کرداروں کا احتساب چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز گندم کے کاشت کاروں کےلیے امدادی پیکیج کا اعلان کریں گی جبکہ وزیراعظم نے پاسکو سے گندم کا کوٹہ بڑھانے کا کہا ہے۔