• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی کے ملزمان کو فوری سزا دی جاتی تو حالات مختلف ہوتے،حنیف عباسی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پرجانا جائے گا، 9 مئی کے ملزمان کو فوری سزا دی جاتی تو حالات مختلف ہوتے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ دشمن جو 76 سال میں نہ کر سکا وہ سب 9 مئی کو کیا گیا، واقعے کے ملزمان کو ایک دن میں 43 ضمانتیں دی گئیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ چاہے لاہور کے ہوں راولپنڈی کے ہوں سب آزاد پھر رہے ہیں، پی ٹی وی پر حملے سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے تک سب واضح ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ لندن میں حکومت پر حملہ آور ہونے والوں کیلئے اسی شام عدالت لگی تھی، 9 مئی کے ملزمان کو سزا نہ دی گئی توجتھے جب چاہیں گے حکومت پر چڑھ دوڑیں گے۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ 9 مئی کا واقعہ بیرونی سازش کا نتیجہ ہے، جناح ہاؤس، کور کمانڈر ہاؤس، ساری مقدس جگہوں کو جلایا گیا، جوڈیشل کمیشن کا کہہ رہے ہیں، جوڈیشل کمیشن تو مخفی چیزوں پر بنتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یاسمین راشد اور شہریار آفریدی نے کھل کر کہا کہ کس جگہ پر حملہ کرنا ہے، یہ معاملات آج سے نہیں 2014 سے جاری ہیں جب پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید