صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان سے گفتگو ہوئی، انہوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ تمام فریقین آزاد کشمیر میں امن وامان قائم کرنے میں کردار ادا کریں، انتظامیہ امن وامان بحال کرنے کے لیے بات چیت کا دروازہ کھولے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر عقل کُل بنے بیٹھے ہیں، اسی کی وجہ سے آج ریاست اور عوام آمنے سامنے ہیں۔
چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بجلی، آٹا سستا ہے تو آزاد کشمیر میں کیوں نہیں ہوسکتا؟ عوام کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھاری بلوں کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا ہے، مظاہروں میں گولیاں چل گئیں، فائرنگ سے اے ایس آئی سینے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔