ڈبلن میں کھیلے جانیوالے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے اس فتح کے ساتھ سیریز میں واپسی کرلی۔
فخر زمان اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ اور سنچری شراکت کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں مات دی۔
گرین شرٹس نے 194 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں حاصل کرلیا، فخر زمان نے 40 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 78رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان 140رنز کی پارٹنر شپ بنی۔
اعظم خان نے صرف 10 گیندوں پر 30 رنز 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔
دونوں ملکوں کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے ، فیصلہ کن میچ 14 مئی کو کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔
لورکین ٹکر نے 34 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی، 32 رنز ہیری ٹیکٹر نے بنائے، گیرتھ ڈینلے نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر 28 رنز اسکور کیے۔
پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے 49 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، اُنہوں نے تینو ں انٹرنیشنل فارمیٹ میں 300 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔
قومی ٹیم کے عباس آفریدی نے 2 محمد عامر اور نسیم شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم میں محمد عامر کی واپسی ہوئی، انہیں شاداب خان کی جگہ پر پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
پاکستان کی ٹیم کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل تھی۔
آئرلینڈ کی ٹیم پال اسٹرلنگ کی قیادت میں میدان میں اتری۔ دیگر کھلاڑیوں میں مارک اڈائر، اینڈریو بلبیرنی، کرٹس کیمفر، گاریتھ ڈیلانے، جارج ڈاکریل، گراہم ہیوم، ہیری ٹیکٹر، لورکان ٹرکر، بین وائٹ اور کریگ ینگ شامل تھے۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ نے 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
آئرلینڈ نے 183 رنز کا ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر 1 گیند قبل حاصل کیا تھا۔ ٹی20 میچز میں یہ پاکستان کےخلاف آئرلینڈ کی پہلی کامیابی تھی۔