سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ تمام ملکی چیلنجز حل کرنے کی صلاحیت پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔
لاہور میں ’بھٹو ریفرنس اور تاریخ‘ سیمینار سے خطاب میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی طرز حکمرانی اور اُن کی محبت دیکھی، وہ بہت مختلف دور تھا۔
انہوں نے کہا کہ اُس دور میں نہ موبائل تھا اور نہ ہی سوشل میڈیا تھا لیکن اللّٰہ تعالیٰ نے اُس شخص کو بہت انرجی دی تھی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کیا جرم کردیا کہ پھانسی کے پھندے پر چڑھا دیا؟ کسی بھی مکتبہ فکر سے ہو، اس سوال کا جواب نہیں ملے گا۔ کہانی ادھوری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کروڑوں ڈالر کی گندم باہر سے منگواتے تھے، آصف زرداری نے کہا کہ اپنے کاشت کار کو پیسے کیوں نہیں دیتے؟
راجا پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ اُس وقت گندم 4 سو روپے من تھی جو 9 سو روپے من کردی گئی، ایک سال میں اتنی گندم ہوئی کہ ہم ایکسپورٹ کرنے لگے۔
انہوں نے کہا کہ جتنے چیلنجز ہیں پیپلز پارٹی ان کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔