• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی حکومت میں خواتین قیدیوں میں ساٹھ فیصد اضافہ ہوا: زرتاج گُل

رکن اسمبلی زرتاج گل---فائل فوٹو
رکن اسمبلی زرتاج گل---فائل فوٹو 

رہنما پاکستان تحریکِ انصاف، رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نےمریم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں، آپ کے دور میں خواتین قیدیوں میں ساٹھ فیصد اضافہ ہوا۔

زرتاج گُل نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں نواز شریف، شہباز شریف کی ایما پر خواتین کو سڑکوں پر گھسیٹا جاتا ہے، خواتین پر واٹر کینین استعمال کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین سیاستدانوں سے براسلوک بانیٔ پی ٹی آئی کا ساتھ نہ چھوڑنے پر کیا جا رہا ہے، صنم جاوید، عائشہ بھٹہ، طیبہ راجہ جیل میں بیٹھی ہیں، سیاست کا مقابلہ چادر کھیچنے اور خون ریزی کرنے سے کیا جا رہا ہے۔

زرتاج گُل کا کہنا تھا کہ ہمیں قید تمام خواتین کی صحت سے متعلق رپورٹ دی جائے، ن لیگ دور میں خواتین کے ساتھ مظالم ہو رہے ہیں، خواتین سیاستدانوں کو گرفتار کرنے آئیں تو مرد اہلکار انہیں نہ گھسیٹیں۔

زرتاج گُل نے کہا کہ اگر میں الیکشن لڑنا چاہتی ہوں تو کیا وہ میرے لیے نو گو ایریا تھا، ڈی جی خان کی غیور عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نام پر مجھے ووٹ دیا، میں گھر سے نکلوں تو مجھ پر لاٹھی چارج کریں تب کسی کو شرم نہیں آئی، گھر سے باہر نکلنے کے لیے کونسا این او سی ہوتا ہے، میرے گھر کی خواتین شرعی پردہ کرتی ہیں لیکن وہاں ریڈ کیا گیا۔

زرتاج گل کا ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کشمیریوں کا خون کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ اپنے مائی باپ امریکا کی رپورٹ پڑھیں، وہ کہتے ہیں ن لیگ کی حکومت کا خاصہ ہے اغوا، قتل، سیاسی مقدمات، شہریوں کی زندگی میں مداخلت کرنا، یہ پورٹ فولیو ہے ان کا اور چلے ہیں بانی پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنے۔

قومی خبریں سے مزید