• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، چین کئی اہم امور پر متفق ہوگئے، اسحاق ڈار


نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کئی اہم امور پر متفق ہوگئے ہیں۔

بیجنگ میں اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات علاقائی امن اور خوشحالی کےلیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں، پاک چین دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے۔

وانگ ژی نے کہا کہ نائب وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد اسحاق ڈار کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، دونوں ممالک تزویراتی شراکت دار ہیں۔

اس حوالے سے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تزویراتی مذاکرات ایک سال بعد ہوئے ہیں، اس دوران دونوں ممالک نے کئی اہم امور پر اتفاق رائے کیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ چینی نائب وزیراعظم سے مختلف موضوعات پرتعمیری اورمفید بات ہوئی جبکہ سی پیک، علاقائی جغرافیائی صورتحال سمیت کئی امور پر گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، اس حوالے سے چین کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین سمیت تمام بنیادی امور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا، سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ایم ایل ون ،گوادر بندرگاہ، کان کنی، آئی ٹی، توانائی، زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہی ہے، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد پناہ گاہوں کو ختم کرے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ شانگلہ حملے کے ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، چین کی قیادت کے ساتھ شانگلہ حملے پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال پاکستان اور چین کی مثالی دوستی کی 73 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید