کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینیٹر نثار احمد کھوڑونے کہا ہے کہ اپنی ذاتی غرض کو پانے کے لئے ملک کو بھینٹ چڑھانے سے گریز کرناچاہیئے،بینظیربھٹو صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ اس ملک کو راستہ دکھانے والی خاتون تھیں بینظیربھٹونے انتہائی کٹھن حالات میں بھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا،ہمیں مفاہمت کے ذریعے مسائل حل اور ایک دوسرے کی بات سننے اور برداشت کرنے کی ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہارانہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو چیئر جامعہ کراچی کے زیر اہتمام چائنیزٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم میں منعقد کانفرنس ”مفاہمت،شہیدمحترمہ بینظیربھٹو کا وژن“ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا،صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ زمحمد علی ملکانی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیربھٹونے انتہائی کٹھن حالات میں بھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا اور جمہوریت کو بہترین انتقام کہا، اپنی انا اور ذاتی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہے، قائم مقام وائس چانسلر جامعہ کراچی جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز ، پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ، قبل ازیں ڈائریکٹر شہید محترمہ بینظیر بھٹوچیئر جامعہ کراچی محمد ابراہیم شیخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔