کراچی(اسٹاف رپورٹر)انگلینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں پاکستانی خواتین ٹیم کو34 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا۔ میزبان ٹیم نے پہلا میچ 53 سے اور دوسرا 65 رنز سے جیتا تھا۔ اتوار کو ہیڈنگلے لیڈز میں ہوم ٹیم ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں176رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ جواب میں پاکستانی ٹیم چار وکٹ پر 142رنز بناسکی۔ پاکستان کو گل فیروزہ اورسدرا امین نے9 اوورز میں 60رنز کا آغاز دیا۔ عالیہ ریاض 27گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے27 اورندا ڈار24 گیندوں پر29رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ عالیہ ریاض نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا۔ ندا ڈار اور عالیہ ریاض کے درمیان 69 رنز کی شراکت ہوئی۔ گل فیروزہ30، سدرا امین نے26رنز بنائے۔ انگلینڈ ویمنزکی ڈینی وائٹ نے87 رنز اسکور کیے ۔ وہ پاکستان انگلینڈ ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 364 رنز بنانے والی بیٹر بھی بن گئی ہیں۔ ڈیانا بیگ اور ندا ڈار نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں ٹیموں کے پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 23 مئی کو ڈاربی میں کھیلا جائے گا۔