لاہور میں بند روڈ پر 220 کے وی کے گرڈ اسٹیشن میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
لیسکو کے ترجمان کے مطابق سبزہ زار گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے سے متاثرہ تمام فیڈر بحال کر دیے گئے ہیں۔
آگ لگنے سے یارڈ میں کچھ آلات اور ٹرانسفارمر کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں بجلی کی جلد بحالی کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سبزہ زار میں واقع گرڈ اسٹیشن میں لگنے والی آگ گرڈ اسٹیشن کے بڑے حصے تک پھیل گئی تھی جس کے شعلے دور سے دکھائی دے رہے تھے۔
لیسکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ تمام فیڈربحال کر دیے گئے ہیں، 220 کے وی اے گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے سے 16 فیڈرز کو بجلی کی سپلائی معطل ہوئی تھی۔
ترجمان لیسکو کے مطابق تمام فیڈرز کو مرحلہ وار بحال کر دیا گیا ہے، کسی علاقے میں بجلی معطل نہیں۔
220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں گزشتہ روز شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی تھی، سبزہ زار گرڈ اسٹیشن میں تربیلا ڈیم سے براہِ راست بجلی آتی ہے۔
آگ لگنے سے لاہور میں 220 کے وی کے گرڈ اسٹیشن سمیت لیسکو کہ 12 گرڈ اسٹیشنز پر بجلی کی سپلائی معطل ہوئی تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ گرمی کی پہلی لہر نے این ٹی ڈی سی کے نظام کی قلعی کھول دی، اس وقت این ٹی ڈی سی سمیت ڈسکوز کا نظام فرسودہ ترین ہو چکا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 220 کے وی گرڈ اسٹیشن پر آگ بھی اسی فرسودہ نظام کے سبب لگی۔