• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغوی شاعر احمد فرہاد کو بازیاب کرانے کیلئے جمعے تک کی مہلت

لاپتہ شاعر احمد فرہاد---فائل فوٹو
لاپتہ شاعر احمد فرہاد---فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مغوی شاعر احمد فرہاد کو بازیاب کرانے کے لیے جمعے تک کی مہلت دے دی۔

مغوی شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی یقین دہانی کرا دی۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا کہ میں ذمے داری لیتا ہوں کہ احمد فرہاد کو ریکور کریں گے۔ 

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آپ نے یقینی بنانا ہے کہ اسلام آباد سے کوئی بندا اٹھایا نہیں جائے گا، اگر بندا ریکور نہیں ہو گا تو یہ ریاست کی ناکامی ہو گی۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں یقین دہانی کروا رہا ہوں جو وسائل ہیں وہ استعمال میں لائیں گے، مجھے مغوی کی بازیابی کے لیے وقت دیں۔

عدالت نے سوال کیا کہ اٹارنی جنرل جو بیان دے رہے ہیں کیا وہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے دے رہے؟ 

وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ ہمیشہ سے ایسے ہوتا ہے کہ یہ بندا اٹھاتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ ہمارے پاس نہیں، اٹارنی جنرل یہ بتائیں کہ پچھلے 6 دن میں بازیابی سے متعلق کیا پراگریس ہے، اگر ایجنسیوں کے پاس نہیں ہے تو کم از کم مغوی کو ٹریس تو کیا جاسکتا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے نے آپ کو اور مشکل میں ڈال دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے اٹارنی جنرل کو جمعے تک کا وقت دے دیا۔

عدالت نے شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کیس کی سماعت جمعے تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید