• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کی تاجر دوست سکیم میں حکومت کو تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) پاکستان ریٹیل بزنس کونسل (پی آر بی سی) کے ایک وفد نے چیئرمین پی آر بی سی زیاد بشیر کی قیادت میں وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و علی پرویز ملک بھی اجلاس میں موجود تھے۔ پی آر بی سی کے وفد نے ملک میں معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ایف بی آر کی تاجر دوست سکیم کے لئے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں، انہوں نے وزیر خزانہ کو ریٹیل (پرچون فروشوں) کاروباروں کو درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹیکس نہ دینے والے، غیر دستاویزی ریٹیل شعبے کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ملک میں دستاویزی کاروبار کی حوصلہ افزائی کے لئے تجاویز دیں۔ وفاقی وزیر نے ان کے تحفظات کو تسلیم کیا اور بتایاکہ میکنزی اینڈ کمپنی ایف بی آر کی اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزیشن میں مدد کے لئے مصروف عمل ہے جس سے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے وفد کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے وزیر مملکت علی پرویز ملک سے کہا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اس کام کی نگرانی کریں تاکہ اس کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسلام آباد سے مزید