پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے پاکستان میں افغان سرزمین سے دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
بلوچستان کے ضلع ژوب میں گزشتہ 1 ماہ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 29 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کافی وقت سے پاکستان نے افغان سر زمین سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا ہے، افغانستان سے دہشت گرد پاک افغانستان سرحد کے ذریعے در اندازی کی کوشش کرتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ افغان سر زمین سے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے سمبازہ ژوب میں 21 اپریل سے مختلف آپریشن کیے ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق 1 ماہ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ان آپریشنز میں 29 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انہی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 14 مئی کو میجر بابر خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت سے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پُر عزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عبوری افغان حکومت کو مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کے لیے بار بار کہا ہے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمے داریاں پوری کرے گی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا مزید کہنا ہے کہ توقع ہے کہ افغان حکومت پاکستان مخالف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے افغان سر زمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔