کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال ،قومی ادارہ صحت برائے اطفال اورقومی ادارہ برائے امراض قلب کو وفاق کو واپس دینے جانے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پرپیر کو جناح اسپتال میں ملازمین نے جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور بھنگڑے ڈالے ۔ تینوں اسپتالوں کے ملازمین پیر کی صبح جناح اسپتال کے نجم الدین آڈیٹوریم کے باہر جمع ہوگئے ۔جہاں ڈھول کی تھاپ پر ملازمین نے بھنگڑے ڈالے ۔ اس موقع پر انہوں نے زبردست نعرے بازی بھی کی اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں ۔ ملازمین نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے وہ شش وپنج میں مبتلا تھے لیکن بالاخر سندھ ہائی کورٹ نے فیصلہ ان کے حق میں سنا دیا۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ ہم وفاق ہی میں رہنا چاہتے ہیں کیونکہ وفاقی حکومت کے جانب سے ملازمین کو ہیلتھ الاونس اور اچھی تنخواہوں سمیت دیگر کئی مراعات دی جاتی ہیں جو سندھ حکومت دینے کےلئے تیار نہیں ہو رہی تھی اس لئے آج یہ فیصلہ آنے پر جشن منا یا جارہا ہے ۔