کراچی (اسٹاف رپورٹر) فرنٹیئر کالونی میں غیرت کے نام پر دیور نے فائرنگ کرکے بھابھی کو قتل کردیا جبکہ اسکا دوست زخمی ہو گیا،پولیس نے بروقت کارروائی کرکے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پیر آباد تھانے کی حدود فرنٹئیر کالونی کے قریب شیر خان کا لونی میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب مکان نمبر 772میں رہائش پذیر 30سالہ نسرین زوجہ شاہ ایان کو گھر میں گھس کر اسکے دیور الیاس نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جبکہ اسکا دوست غضنفر زخمی ہو گیا،فائرنگ کی آواز پر گشت پر مامور پولیس پارٹی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بروقت کا رروائی کرکے ملزم الیاس کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا،ایس ایچ او شاہد کے مطابق مقتولہ ایک بچے کی ماں تھی اور اسکا شوہر ملازمت کی غرض سے بیرون ملک رہائش پذیر ہے، زخمی غضنفر کو بھی حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے،ملزم الیاس نے پہلے اپنے بیٹے قاسم کو قتل کرنے کے لئے اکسایا تاہم انکار پر خود ہی نسرین کو قتل کردیا ۔