• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فکسڈ ٹیکس پر رضا مند ہونے کیلئے تیار ہیں، پہلے بات کی جائے، عتیق میر


صدر کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا ہے کہ فکسڈ ٹیکس پر رضا مند ہونے کےلیے تیار ہیں مگر پہلے بات کی جائے۔

جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن "آخری موقع" میں گفتگو کے دوران عتیق میر نے کہا کہ اگر ٹیکس دیا بھی تو وہ قرضوں پر سود کی ادائیگی اور حکمرانوں کی عیاشی میں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ٹیکس لینے کی سنجیدہ کوشش کی جائے، جنہوں نے ٹیکس لینا ہے وہ آئی ایم ایف کی شرائط لے کر آجاتے ہیں۔

صدر کراچی تاجر اتحاد نے مزید کہا کہ فکسڈ ٹیکس پر رضامند ہونے پر تیار ہیں مگر پہلے بات کی جائے، بند کمرے میں بنائی گئی پالیسی نہیں چلتی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر پالیسی پر عملدرآمد ہی نہیں ہوتا، نچلی سطح پر تاجروں کے پاس جایا جائے، ٹیکس دینے والوں کے مسائل کو حل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

عتیق میر نے یہ بھی کہا کہ بڑی جگہ پر قائم دکان کا مطلب بڑا کاروبار نہیں ہوتا، تاجروں سے کہتا ہوں کہ فائلر بننے میں فائدہ ہے، ڈرا دھمکا کر ٹیکس نیٹ وسیع نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار چلانا اس وقت مشکل ترین ہے، مارکیٹ میں کساد بازاری ہے، بجلی بل بڑا خرچہ ہے، ان حالات کو کون درست کرے گا؟

صدر کراچی تاجر اتحاد نے کہا کہ اسکیمیں بنانے کےلیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جاتی ہے، مشاورت کے بغیر کوئی اسکیم لائی جائے گی تو ناکام ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید