• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا گھر خریدنے والے شہری پر ٹیکس لگانا زیادتی ہوگی، آصف سم سم


چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولیپرز (آباد) آصف سم سم نے کہا ہے کہ پہلا گھر خریدنے والے شہری پر ٹیکس لگانا زیادتی ہوگی، دنیا بھر میں پہلا مکان لینے کےلیے حکومتیں مدد دیتی ہیں۔

جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن ’آخری موقع‘ میں گفتگو کے دوران آصف سم سم نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ کیوں کہا جاتا ہے کہ رئیل اسٹیٹ کو ٹیکس نیٹ میں لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص ٹیکس دیے بغیر آباد کا رکن نہیں بن سکتا، ہم تو سارے ٹیکس نیٹ میں ہیں۔

چیئرمین آباد نے مزید کہا کہ ایک ہزار گز پر بلڈر 80 کروڑ کی سرمایہ کاری کرتا ہے اور اس پر ٹیکس ادا کیا جاتا ہے، بالواسطہ ہمارا شعبہ کروڑوں نوکریاں فراہم کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا ہمیں کہا جارہا ہے کہ اس ملک سے چلے جائیں، سرمایہ کاروں کو ڈرائیں گے تو پھر کام کیسے ہوگا؟

آصف سم سم نے یہ بھی کہا کہ پراپرٹی میں 60 فیصد سے زائد سرمایہ کاری ملک سے باہر چلی گئی ہے، ترسیلات زر کا 40 فیصد حصہ پہلے ریئل اسٹیٹ میں آتا تھا اب وہ دبئی میں جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی ویلیو کو مارکیٹ ویلیو پر بتدریج لے آئیں، ہمیں اعتراض نہیں، ہم 4 ہزار گز والے سوئمنگ پول والے بنگلے نہیں بناتے۔

چیئرمین آباد نے کہا کہ پہلا گھر خریدنے والے شہری پر ٹیکس لگانا زیادتی ہوگی، دنیا بھر میں پہلا مکان لینے کےلیے حکومتیں مدد دیتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید